تازہ ترین

پی ٹی آئی کے گرفتار ارکان پروڈکشن آرڈرز پر قومی اسمبلی پہنچ گئے

0

پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار ارکانِ پارلیمنٹ میں سے تین قومی اسمبلی پہنچ گئے، جبکہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں اندرونی اختلافات بھی سامنے آئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے گرفتار 9 ارکان میں سے 5 کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے تھے، جس کے بعد تین ارکان قومی اسمبلی پہنچے۔ اس کے علاوہ پارلیمنٹ لاجز میں ان تینوں ارکان کی رہائش گاہوں کو سب جیل قرار دیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اراکین نے پارٹی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ لانگ مارچ کی تاریخ سے لے کر ایمرجنسی کے نفاذ تک پیش آنے والے واقعات کا جائزہ لینے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کی جائے۔

ارکان کا مؤقف تھا کہ اس کمیٹی کے ذریعے معلوم کیا جائے کہ مختلف مراحل پر کس کی غلطی تھی اور مذاکرات کی ناکامی کی وجوہات کیا تھیں۔ بعض ارکان نے یہ شکایت بھی کی کہ انہیں اہم ملاقاتوں کے بارے میں بروقت آگاہ نہیں کیا جاتا تھا اور کئی معاملات ان سے پوشیدہ رکھے گئے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا مطالبہ مسترد کردیا۔ اجلاس میں سامنے آنے والے اختلافات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذاکرات کے مستقبل اور گزشتہ سیاسی اقدامات کے جائزے پر پارٹی کے اندر مختلف آرا موجود ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.