تازہ ترین

ضروری اشیا کی تجارت آسان بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، نائب وزیراعظم

0

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملکی ضروریات پوری ہونے کے بعد اضافی ضروری اشیا کی برآمدات میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں اور تجارتی عمل کو آسان بنایا جائے، تاکہ بین الاقوامی منڈیوں میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کی زیر صدارت ضروری اشیا کی برآمدات کا جائزہ لینے کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں اشیا کی رسد و طلب، مارکیٹ کی موجودہ صورتِ حال اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے امکانات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر توجہ دی گئی کہ ضروری اشیا کی ملکی سطح پر مناسب دستیابی یقینی بنانے اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے ساتھ تجارت کو بھی فروغ دیا جائے۔ اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اضافی اشیا کی برآمدات میں درپیش مشکلات دور کرنے اور تجارتی کارروائیوں کو آسان بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹریز تجارت اور قومی غذائی تحفظ و تحقیق سمیت وفاقی اور صوبائی محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.