ترکیہ سے یونان جانے والی کشتی حادثے کا شکار، انسانی اسمگلنگ کے شبہے میں ایک شخص گرفتار
ترکیہ سے یونان جانے والے تارکین وطن کی ایک تیز رفتار کشتی کو یونانی جزیرے لیسبوس کے قریب حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک شیرخوار بچے سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 8 افراد کو زندہ بچا کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
یونانی میڈیا اور کوسٹ گارڈ کے مطابق حادثہ لیسبوس کے جنوب مشرقی ساحل کے قریب پیش آیا، جہاں تارکین وطن کی کشتی مخالف سمت سے آنے والی ایک دوسری کشتی سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے بعد تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی، جس سے اس میں سوار افراد سمندر میں جا گرے۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں چار مرد، ایک خاتون اور ایک شیرخوار بچہ شامل ہیں۔ امدادی کارروائیوں کے دوران 8 افراد کو زندہ نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کے بعد حکام نے ایک 37 سالہ ترک شہری کو مبینہ انسانی اسمگلنگ اور کشتی چلانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے اور حادثے کے حالات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔