تازہ ترین

یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار سے تعلق رکھنے والی سماجی رہنما امینہ شفیع کی یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی کفالت، تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن حکومتی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

امینہ شفیع اپنی مدد آپ کے تحت خضدار میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی دیکھ بھال، تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

امینہ شفیع سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ان کے جذبے، حوصلے اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں حقیقی عظمت دوسروں کے دکھ درد کو اپنا سمجھنے اور بے سہارا افراد کا سہارا بننے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امینہ شفیع جیسی باہمت خواتین معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو اپنی عملی جدوجہد کے ذریعے انسانیت، ہمدردی اور احساس ذمہ داری کی روشن مثال قائم کر رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم کی ذمہ داری اٹھانا محض سماجی خدمت نہیں بلکہ ایک عظیم انسانی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ کسی بھی بچے کو وسائل کی کمی کے باعث تعلیم اور بہتر مستقبل کے مواقع سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔

میر سرفراز بگٹی نے یقین دلایا کہ حکومت بلوچستان بچوں کی تعلیم، تحفظ اور بہتر مستقبل کے لیے امینہ شفیع کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرے گی اور ان کی سماجی خدمات کے تسلسل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے مخیر حضرات اور صاحب استطاعت افراد پر بھی زور دیا کہ وہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم، تربیت اور کفالت کے لیے آگے آئیں اور اس کارِ خیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک بچے کی زندگی میں امید کا چراغ روشن کرنا درحقیقت پورے معاشرے کے مستقبل کو روشن کرنے کے مترادف ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.