سائنس اولمپیاڈ نوجوانوں میں تحقیق اور تخلیقی سوچ کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن
کوئٹہ: سیکرٹری محکمہ اسکول ایجوکیشن بلوچستان لعل جان جعفر نے کہا ہے کہ طلبہ و طالبات کی ذہنی، علمی اور جسمانی نشوونما کے لیے نصابی تعلیم کے ساتھ ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد بھی انتہائی ضروری ہے، کیونکہ سائنس، کھیلوں اور تخلیقی مقابلوں سے نوجوانوں میں خود اعتمادی، تحقیق اور صحت مند مسابقت کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز پاکستان چلڈرنز اکیڈمی ٹرسٹ کوئٹہ کے زیر اہتمام انٹر اسکول بیڈمنٹن چیمپئن شپ، اسپیلنگ بی مقابلے اور سائنس اولمپیاڈ کے فائنلز اور تقسیم انعامات کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
28 اکتوبر 2026 سے شروع ہونے والے دس روزہ مقابلوں میں کوئٹہ کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ اسپیلنگ بی میں 45 اسکولوں جبکہ سائنس اولمپیاڈ اور بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں 35، 35 اسکولوں نے حصہ لیا۔ مجموعی طور پر 355 طلبہ و طالبات نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
بیڈمنٹن کے مقابلے گرلز سنگلز، بوائز جونیئر سنگلز اور بوائز سینئر سنگلز کیٹیگریز میں منعقد کیے گئے۔
لعل جان جعفر نے بیگم ثاقبہ رحیم الدین کی دوراندیشانہ سوچ اور نوجوان نسل کی تعلیمی و ہم نصابی تربیت کے لیے ان کی طویل خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنا ان کی شخصیت سازی اور مستقبل کی کامیابی کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے بلوچستان میں سائنس کی تعلیم کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سائنس کے مضامین کے تعلیمی نتائج تاریخی طور پر کمزور رہے ہیں۔ سائنس اولمپیاڈ جیسے مقابلے طلبہ میں تجسس، سائنسی علوم سے دلچسپی، تحقیق اور تخلیقی سوچ کو فروغ دیتے ہیں، جبکہ انہیں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں کی جانب راغب کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن نے پاکستان چلڈرنز اکیڈمی ٹرسٹ کی انتظامیہ کو منظم اور بامقصد مقابلوں کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
مقابلوں کے نتائج کے مطابق اسپیلنگ بی میں امت پبلک اسکول نے پہلی جبکہ بیگم ثاقبہ اسکول آف ماڈرن ایج نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ سائنس اولمپیاڈ میں بھی امت پبلک اسکول نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ پاک جناح ریزیڈنشل ہائی اسکول سیٹلائٹ ٹاؤن دوسرے نمبر پر رہا۔
بیڈمنٹن گرلز سنگلز میں امت پبلک اسکول نے پہلی اور بیگم ثاقبہ اسکول آف ماڈرن ایج نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ بوائز جونیئر سنگلز میں پاک عرب انٹرنیشنل اسکول نے پہلی جبکہ سی بی اسکول نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔ بوائز سینئر سنگلز میں ہورائزن اسکول نے پہلی اور دوسری دونوں پوزیشنیں حاصل کیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی لعل جان جعفر اور اکیڈمی کے نمائندوں نے کامیاب طلبہ و طالبات میں ٹرافیاں، میڈلز اور پوزیشن سرٹیفکیٹس تقسیم کیے، جبکہ تمام شرکاء کو بھی اسناد پیش کی گئیں۔
لعل جان جعفر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں سائنس، کھیلوں اور دیگر مثبت ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایسی کوششوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔