تازہ ترین

قومی ترقی کے لیے وفاقی اکائیوں میں مضبوط روابط ضروری ہیں، گورنر بلوچستان

0

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بلوچستان کے طلبہ و طالبات کو پنجاب کے معیاری تعلیمی اداروں میں داخلوں اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ یقین دہانی انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے ملاقات کے دوران کرائی۔ ملاقات میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ بھی موجود تھے۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، وفاق اور صوبوں کے درمیان تعلقات، بین الصوبائی تعاون، قومی یکجہتی کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں گورنرز نے بلوچستان اور پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیوں کے درمیان تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کے تبادلوں، طبی تعلیم و تربیت کے جدید طریقوں اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے تمام وفاقی اکائیوں کے درمیان مضبوط روابط، باہمی اعتماد اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے عوامی سطح پر رابطوں میں اضافے اور ثقافتی و سماجی تبادلوں کو فروغ دینے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

جعفر خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، سرکاری جامعات کی استعداد کار میں اضافے اور تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پنجاب کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بلوچستان کے طلبہ و طالبات کو پنجاب کے معیاری تعلیمی اداروں میں داخلوں اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

ملاقات کے دوران گورنر بلوچستان نے اپنے ہم منصب کو کوئٹہ کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں صوبوں کے درمیان تعاون کے امکانات کو مزید وسعت دی جا سکے اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں عملی اقدامات کیے جا سکیں۔

ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صوبائی قیادت کے درمیان مسلسل رابطوں، مشاورت اور باہمی تعاون کے ذریعے قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.