تازہ ترین

امریکا کی ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات دینے والوں کو 2 کروڑ ڈالر انعام کی پیشکش

0

امریکا نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اہم اور خفیہ معلومات فراہم کرنے والے افراد کے لیے 2 کروڑ ڈالر تک انعام اور ممکنہ طور پر محفوظ مقام پر منتقلی کی پیشکش کر دی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ امریکی محکمہ خارجہ کے پروگرام ’ریوارڈز فار جسٹس‘ کے تحت ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق قابلِ قدر معلومات فراہم کرنے والوں کو 20 ملین ڈالر تک انعام دیا جائے گا۔

بیان کے مطابق مطلوبہ معلومات میں ایران کی جوہری تنصیبات، آلات، متعلقہ شخصیات اور جوہری شعبے سے وابستہ سائنس دانوں کے بارے میں تفصیلات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان افراد اور تنصیبات کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جا سکتی ہیں۔

امریکی حکومت کی یہ پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد مرتبہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ امریکی حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے حفاظتی معاہدوں پر مکمل عمل نہ کرنے کے باعث ملک میں سینٹری فیوجز سمیت اہم جوہری آلات کی پیداوار اور ذخیرے سے متعلق معلومات کی مسلسل نگرانی متاثر ہوئی ہے۔

تاہم امریکی حکام نے انعام کے حصول کے لیے مطلوبہ معلومات کی مخصوص شرائط یا دیگر تفصیلات واضح نہیں کیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.