تازہ ترین

شہباز شریف سے چینی وزیر کی ملاقات، پاک چین تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لیو ہائی شینگ سے ملاقات کے دوران کیا، جو ایک وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملنے پہنچے تھے۔

وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو مضبوط، آزمودہ اور ہر موسم کی تزویراتی شراکت داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور عوام کے درمیان گہرے تعلقات پر قائم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل سیاسی روابط اور سیاسی جماعتوں کے درمیان تبادلوں کی اہمیت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کے درمیان ادارہ جاتی روابط اور تعاون کے فروغ میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے کردار کو بھی سراہا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مشترکہ ترجیحات کے حصول کے لیے چین کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان ترجیحات میں تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی رابطوں، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا شامل ہے۔

اس موقع پر چینی وزیر لیو ہائی شینگ نے چینی قیادت کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستی کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور سیاسی جماعتوں کے باہمی تبادلوں میں ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے روابط پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دوطرفہ و کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ کاری اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیر لیو ہائی شینگ اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.