تازہ ترین

عالمی غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی تیاری ناگزیر ہے، احسن اقبال

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں، جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور معاشی چیلنجز کے باعث دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، ایسے حالات میں پائیدار ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل، ادارہ جاتی تیاری اور طویل المدتی حکمت عملی ناگزیر ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں پائیدار ترقی کے 29ویں کانفرنس اور چوتھی سسٹین ایبلٹی انویسٹمنٹ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا انعقاد سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ نے کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ تیزی سے ترقی کرتی ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات معیشتوں اور معاشروں کی ساخت تبدیل کررہے ہیں، جس کے لیے ممالک کو مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے فعال اور دوراندیش حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ناگزیر تبدیلیوں کے سامنے قوموں کے پاس دو راستے ہوتے ہیں، یا تو وہ خدشات کا شکار ہوکر ان کے نتائج بھگتیں یا پھر پیشگی منصوبہ بندی کے ذریعے نئے چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کریں۔

وفاقی وزیر نے ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کو عالمی معیشت میں مقابلے کے قابل بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، بگ ڈیٹا اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے قومی مراکز قائم کیے ہیں۔

انہوں نے جغرافیائی سیاسی صورتحال اور معاشی استحکام کے باہمی تعلق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ روس یوکرین جنگ سمیت مختلف عالمی تنازعات اور سیاسی رقابتوں کے اثرات عالمی معیشت پر مرتب ہورہے ہیں۔ ان کے مطابق ان حالات سے توانائی کی منڈیوں، غذائی تحفظ، بین الاقوامی تجارت اور عالمی سپلائی چین متاثر ہورہی ہیں۔

احسن اقبال نے زور دیا کہ بدلتے عالمی حالات میں پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے پالیسیوں کا تسلسل، مؤثر ادارہ جاتی نظام اور مستقبل پر مبنی منصوبہ بندی کو ترجیح دینا ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.