ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، ٹرمپ کا دعویٰ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے ممکنہ سمجھوتے کی امید ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ تہران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کسی معاہدے تک پہنچنے کے امکانات موجود ہیں۔
واشنگٹن میں لنکن میموریل ریفلیکٹنگ پول کے مقام پر خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران معاہدہ کرنے کا خواہاں ہے اور اس حوالے سے پیش رفت ہوسکتی ہے۔
تاہم امریکی صدر نے ایران کے ساتھ جاری بالواسطہ مذاکرات کی موجودہ صورتحال یا کسی ممکنہ معاہدے کی شرائط کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ٹرمپ نے اپنے خطاب میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا بھی ذکر کیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ایک ہی روز میں خام تیل کی قیمت 10 ڈالر فی بیرل کم ہوئی، جو ان کے بقول تاریخ کی سب سے بڑی یومیہ کمی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے معاملے میں امریکا کامیابی حاصل کررہا ہے اور آنے والے دنوں میں تیل کی قیمتوں میں مزید نمایاں کمی متوقع ہے۔