مہمند: خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں انسداد پولیو مہم کے دوران سکیورٹی کے فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکاروں پر مسلح افراد کی فائرنگ سے دو اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ مہمند کے علاقے ڈاگ تمانزئی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیو ڈیوٹی پر جانے والے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ اچانک فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
واقعے کے بعد زخمی اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔