پنجاب حکومت نے صوبے کی صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے 1995.3 ارب روپے مالیت کا جامع معاشی منصوبہ متعارف کرادیا ہے، جس کے تحت پنجاب کو برآمدات پر مبنی صنعتی مرکز بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں پنجاب انوویشن، ویلیو ایڈیشن اینڈ اکنامک ٹرانسفارمیشن (PIVOT) پلان 2026-29 کا باضابطہ آغاز کیا۔
منصوبے کے تحت صوبے کی برآمدات میں 6.8 ارب ڈالر اضافے، ایک لاکھ 62 ہزار نئی براہِ راست ملازمتیں پیدا کرنے اور 10 لاکھ سے زائد افراد کے روزگار اور معاشی مواقع بہتر بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب صنعتی ترقی، جدت، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے نئے ماڈل کی جانب بڑھنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں کاروباری افراد اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کرسکیں، صنعتیں وسعت اختیار کریں اور عوام کو روزگار اور بہتر معاشی مواقع میسر آئیں۔