یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت سے محروم رکھنا عالمی ضمیر اور انصاف کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر محض ایک خطہ نہیں بلکہ لاکھوں انسانوں کی آزادی، شناخت، عزت اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے بنیادی حق کا معاملہ ہے۔ یومِ سیاہ اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو پاکستان کے اصولی مؤقف اور پائیدار امن کے تناظر میں اجاگر کیا۔ اسی تاریخی عزم کے تحت پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ محض بیانات تک محدود رہنے کے بجائے انسانی حقوق کے تحفظ اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر پر پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشمیریوں کی قربانیاں اور آزادی کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔