تازہ ترین

مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، نہال ہاشمی

0

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قربانیوں، استقامت اور حقِ خودارادیت کے لیے طویل جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں گورنر سندھ نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم اور دردناک دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کا مسلسل قبضہ ایک متنازع بین الاقوامی مسئلہ ہے، جبکہ کشمیری عوام کی آزادی، وقار اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی خواہش کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، جن میں جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق کرنے کی اہمیت تسلیم کی گئی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان قراردادوں پر عمل درآمد اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور کشمیری عوام امن، انصاف اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.