سعودی وزیر خارجہ کی واشنگٹن آمد، مارکو روبیو سے اہم ملاقات ہوگی
واشنگٹن: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور یمن کے حوثیوں کے ساتھ جاری تنازع کے تناظر میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان واشنگٹن پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات کریں گے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور امریکا کے باہمی تعلقات کے علاوہ خطے اور دنیا میں ہونے والی اہم پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ رابطہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب سعودی عرب اور ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے رواں ماہ حوثیوں سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے امریکا سے فوجی معاونت طلب کی تھی۔ امریکا نے براہ راست حملے کرنے سے اتفاق نہیں کیا، تاہم اطلاعات کے مطابق انٹیلی جنس اور اہداف سے متعلق معاونت فراہم کرنے پر بات چیت ہوئی ہے۔
دوسری جانب ایران نے بھی سفارتی کوششوں کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ صدر مسعود پزشکیان اور وہ نیویارک جنگ مسلط کرنے نہیں بلکہ امن کی راہ ہموار کرنے کے لیے آئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم حقیقی سفارتکاری کے لیے بھی تیار ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششیں جاری ہیں، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کی آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق تجویز مسترد کرچکے ہیں اور مزید مذاکرات کے امکان کا عندیہ دے چکے ہیں۔