سرفراز بگٹی کا شہید ملک کریم داد حسنی کی قومی و عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت
کوئٹہ- وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ضلع چاغی کی معروف شخصیت شہید ملک کریم داد حسنی کے صاحبزادوں نے ملاقات کی، جس میں سابق معاون خصوصی میر اعجاز احمد سنجرانی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہید ملک کریم داد حسنی کی سماجی، قومی اور عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور حکومت بلوچستان کی جانب سے ان کے اہلِ خانہ کو تعریفی خط پیش کیا۔
تعریفی خط میں حکومت بلوچستان نے شہید ملک کریم داد حسنی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی عوامی خدمت، قیامِ امن اور پاکستان کے استحکام کے لیے وقف کیے رکھی۔ وہ بلوچستان میں امن، استحکام، ہم آہنگی اور ترقی کے داعی رہے۔
خط میں کہا گیا کہ شہید ملک کریم داد حسنی نے پاکستان کی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کے عزم کے ساتھ زندگی گزاری۔ ان کی حب الوطنی، عزم اور دہشت گردی و انتہاپسندی کے خلاف جدوجہد قیادت اور عوامی خدمت کی روایات کی عکاس تھی۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہید ملک کریم داد حسنی کی شہادت کو ملک و قوم کی خدمت میں ایک عظیم قربانی قرار دیتی ہے اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے لیے شہید کی جرأت، وفاداری اور وابستگی موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہید کی قومی و عوامی خدمات، حب الوطنی اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے، جبکہ امن، قومی اتحاد اور پاکستان کے دفاع و سلامتی کے لیے ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے شہید کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔