حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کے دوران سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے بااختیار سیاسی ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاسی قیادت مل بیٹھے تو موجودہ بحران کا حل نکالا جاسکتا ہے۔
راجہ ناصر عباس نے کہا کہ وزیراعظم خود مذاکراتی عمل کا حصہ بنیں اور بااختیار سیاسی رہنماؤں پر مشتمل ٹیم تشکیل دیں تاکہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت آگے بڑھ سکے۔ ان کے مطابق سیاسی مسائل کا حل سیاسی قیادت کے مذاکرات سے ہی نکالا جاسکتا ہے۔
انہوں نے ارکان قومی اسمبلی کی گرفتاریوں کے حوالے سے کہا کہ یہ سوال کرنے کے بجائے کہ ارکان چھپے کیوں نہیں، اسپیکر قومی اسمبلی سے پوچھا جائے کہ گرفتار کرنے والوں کو روکنے کی کوشش کیوں نہیں کی گئی۔
راجہ ناصر عباس نے اس سے قبل حکومت کے ساتھ رابطے کی بھی تصدیق کی تھی۔ ان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق معاملات اور 27 ستمبر کے اسلام آباد لانگ مارچ پر تفصیلی گفتگو ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ کو مؤخر کرنے کا اختیار صرف عمران خان کے پاس ہے اور ان سے ملاقات کے بغیر مارچ ملتوی نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بھی سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس کے لیے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے، جس میں راجہ ناصر عباس بھی شامل ہیں۔