تازہ ترین

قلات میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا اظہارِ اطمینان

0

بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے، کلات کے قریب کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں گاڑیاں، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بروقت اور مؤثر کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے قومی شاہراہ پر عوام کی آمدورفت متاثر کرنے کی کوششیں ناکام بنائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی کوششیں بھی ناکام بنائی گئیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 گاڑیاں برآمد کی گئیں، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لیا گیا۔

میر سرفراز بگٹی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور قومی شاہراہوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ دہشت گردی اور اس کی معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف ریاستی اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.