حکومت ریلیف دے، صاحبِ استطاعت افراد بھی ضرورت مندوں کی مدد کریں: بشریٰ انصاری
کراچی: ملک میں بڑھتی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عام شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں، ایسے میں معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے حکومت کے ساتھ ساتھ صاحبِ استطاعت افراد سے بھی ضرورت مند خاندانوں کی مدد کیلئے آگے آنے کی اپیل کی ہے۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ مہنگائی کے باعث عام آدمی کیلئے روزمرہ زندگی کی بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی مہنگائی کا مسئلہ موجود ہے، تاہم پاکستان میں غربت کی صورتحال کے باعث اس کے اثرات عام لوگوں پر زیادہ محسوس ہوتے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ کم آمدن والے خاندانوں کی مشکلات کم ہوسکیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر حکومت فوری طور پر مطلوبہ اقدامات نہیں کر پا رہی تو معاشرے کے صاحبِ حیثیت افراد کو اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے ضرورت مندوں کی مدد کرنی چاہیے۔
بشریٰ انصاری نے صاحبِ استطاعت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری اخراجات کم کرکے ضرورت مند خاندانوں کیلئے راشن کا انتظام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ ایسے ہیں جو موجودہ حالات میں کھانے پینے کی بنیادی ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر ہیں۔
انہوں نے درد مندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں صاحبِ حیثیت افراد اپنے اردگرد موجود ضرورت مند لوگوں کا خیال رکھیں اور ان کے لیے ممکنہ حد تک سہارا بنیں۔