تازہ ترین

سعودی عرب کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں،وزیراعظم

0

اسلام آباد: مکہ مکرمہ کے قریب ڈرون کو روکنے کے واقعے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے مقدس شہر مکہ مکرمہ کے قریب ڈرون کی مبینہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور سعودی مسلح افواج کی بروقت کارروائی، چوکسی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں نہ صرف بے گناہ انسانی جانوں بلکہ خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہیں۔

وزیراعظم نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے دفاع کے ساتھ کھڑا ہے اور حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے معاملے پر پاکستان کی حمایت غیر متزلزل ہے۔

دوسری جانب سعودی حکام کے مطابق 15 ستمبر کو یمن سے آنے والے ایک ڈرون کو مکہ مکرمہ میں ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے جنوب میں روک کر تباہ کردیا گیا۔ حوثیوں کی جانب سے مکہ کو نشانہ بنانے کی تردید بھی سامنے آئی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان پہلے ہی سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کرچکا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.