تازہ ترین

کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے آئی جی اسلام آباد کا چارج سنبھال لیا

0

اسلام آباد پولیس کی قیادت میں تبدیلی کے بعد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے منگل کے روز نئے انسپکٹر جنرل کے طور پر باقاعدہ ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ انہوں نے شہریوں کے تحفظ، جرائم کی روک تھام، قانون کی بالادستی اور عوام کو بروقت و بہتر پولیس خدمات کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل قرار دیا۔

نئے آئی جی کی سینٹرل پولیس آفس آمد پر پولیس افسران اور اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا، جہاں کمان کی تبدیلی کی باقاعدہ تقریب منعقد ہوئی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے نئے پولیس سربراہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

چارج سنبھالنے کے بعد محمد سہیل چوہدری نے سینئر پولیس افسران سے تعارفی ملاقاتیں کیں اور پیشہ ورانہ و عملی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے سینٹرل پولیس آفس کے عملے سے بھی ملاقات کی اور پولیس سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے پولیس شہداء کی یادگار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے لیے دعا کی۔ انہوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.