مستونگ میں تشدد کا واقعہ، متاثرہ خاتون کو کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں پیش آنے والے واقعے میں متاثرہ خاتون کے علاج و معالجے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کردی ہے، جبکہ خاتون کو مزید بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کراچی کے آغا خان اسپتال میں علاج کرانے کے انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر متاثرہ خاتون کو مزید اور بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومتی اخراجات پر کراچی کے آغا خان اسپتال میں علاج کرانے کے حوالے سے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کو علاج و معالجے کی بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی اور حکومت اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مستونگ کے علاقے کلی بیدی میں پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
شاہد رند نے کہا کہ متاثرہ خاتون کو طبی امداد کے ساتھ مکمل قانونی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے خواتین پر تشدد اور تیزاب گردی جیسے واقعات کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ متاثرہ خاتون کے علاج و معالجے اور انصاف کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں گے، جبکہ واقعے کی تحقیقات قانون کے مطابق آگے بڑھائی جائیں گی۔