تازہ ترین

حکومت کا ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم اور قیمتوں میں شفافیت کے لیے نیا منصوبہ

0

حکومت نے ایل پی جی کی دستیابی بہتر بنانے اور قیمتوں سے متعلق عوامی تحفظات دور کرنے کے لیے شفاف نیلامی کا نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ صارفین کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی کی مسلسل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اس سلسلے میں ایل پی جی کی شفاف نیلامی کا طریقہ کار تیار کرنے کے لیے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس سیکرٹری پیٹرولیم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مجوزہ نظام کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ نیلامی کا نیا طریقہ کار ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم، سپلائی کے نظام میں استحکام اور ملک کے توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مجوزہ نظام کے تحت ایل پی جی پیدا کرنے والے ادارے اپنی مجموعی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے مختص کریں گے، جبکہ باقی 90 فیصد مقامی ایل پی جی میڈیا کی موجودگی میں شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائے گی۔

نئے طریقہ کار کے مطابق نیلامی میں ہر کمپنی کو روزانہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی خریدنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ ایل پی جی کی یومیہ پیداوار کی نگرانی بھی کی جائے گی اور متعلقہ اعداد و شمار وزیراعظم کو پیش کیے جائیں گے۔

حکومت کے مطابق نیلامی کے عمل میں تمام اہل کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ اس اقدام کا بنیادی مقصد صارفین کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی کی مسلسل اور بہتر فراہمی یقینی بنانا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے 4 نومبر 2026 کو ایل پی جی کی نیلامی کے نئے فریم ورک کی منظوری دی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.