تازہ ترین

پاکستان اور سوڈان سائبر کرائم تعاون کے معاہدے پر جلد دستخط کریں گے

0

پاکستان اور سوڈان نے سیکیورٹی، داخلی امور، پولیس ٹریننگ، ادارہ جاتی روابط، نادرا اور سائبر کرائم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون کے لیے جلد باضابطہ معاہدے پر دستخط کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی کی ملاقات کے دوران سامنے آیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مختلف امور پر تفصیلی مذاکرات ہوئے۔

مذاکرات کے دوران محسن نقوی نے سوڈان میں قیامِ امن اور تعمیرِ نو کے عمل میں پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے نادرا کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی معاونت سے سوڈان میں اب تک 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی سرٹیفکیٹس اور 5 لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سول رجسٹریشن اور نادرا کے نظام میں پاکستان آئندہ بھی تعاون جاری رکھے گا۔

سوڈانی وزیر داخلہ کی جانب سے معاملہ اٹھائے جانے پر محسن نقوی نے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، جبکہ سوڈانی شہری پاکستان میں معیاری طبی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے صحت کے شعبے میں انہیں ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

سوڈانی وزیر داخلہ نے سائبر کرائم سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے پاکستان کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستانی حکومت کی معاونت پر وفاقی وزیر داخلہ اور حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، کمانڈنٹ این پی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، چیئرمین سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.