صوبائی مشیر مینا مجید کے وارنٹ گرفتاری سے متعلق خبر میں صداقت نہیں، محکمہ کھیل
کوئٹہ: محکمہ کھیل بلوچستان نے صوبائی مشیر مینا مجید کے وارنٹ گرفتاری سے متعلق گردش کرنے والی خبر کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کردی ہے۔
ترجمان محکمہ کھیل بلوچستان کے مطابق مینا مجید کے وارنٹ گرفتاری سے متعلق خبر میں کوئی صداقت نہیں اور یہ حقائق کے منافی ہے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ خود کو صحافی ظاہر کرنے والا دوتانی نامی شخص افغان شہری ہے، جس کے خلاف چند ماہ قبل محکمہ کھیل کے خلاف مبینہ جھوٹا پروپیگنڈا کرنے پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کارروائی کی تھی، جس کے نتیجے میں وہ جیل بھی جاچکا ہے۔
ترجمان کے مطابق محکمہ کھیل کی جانب سے بھی مذکورہ شخص کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وہ اپنے خلاف درج مقدمے کو جواز بنا کر محکمہ کھیل کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔
ترجمان نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ شخص ذاتی مفادات اور پیسے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ صوبائی مشیر مینا مجید کے وارنٹ گرفتاری سے متعلق خبر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔