تازہ ترین

پاکستانی خلا نورد محمد ذیشان علی سے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی خلائی اسٹیشن سے براہِ راست گفتگو

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں موجود پاکستانی خلا نورد محمد ذیشان علی سے براہِ راست ویڈیو کال پر گفتگو کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے محمد ذیشان علی کو تاریخی خلائی مشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستانی خلا نورد کی یہ کامیابی پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔

وزیراعظم نے محمد ذیشان علی کے اہلِ خانہ کو بھی مبارکباد دی اور ان کی تربیت و تیاری میں معاونت کرنے والے ماہرین اور ساتھیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مشن میں شریک چینی خلا نوردوں کو بھی مبارکباد دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو ایسے نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں۔ محمد ذیشان علی کی کامیابی نے خلائی تحقیق کے نئے امکانات کے دروازے کھول دیے ہیں۔ ان کے مطابق محنت، مقصد سے وابستگی، مسلسل کوششوں اور غیرمتزلزل عزم نے پاکستانی خلا نورد کو اس تاریخی مقام تک پہنچایا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی محمد ذیشان علی سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور مسلح افواج کو ان کی کامیابی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سپوت خلا میں پہنچ کر ایک عظیم کامیابی حاصل کرچکا ہے، جبکہ خلائی اسٹیشن پر اس کی موجودگی پاکستان اور چین کی آزمودہ اسٹریٹجک شراکت داری کا قابلِ فخر ثبوت ہے۔

فیلڈ مارشل نے پاک چین دوستی کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے، جو اب کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے۔ ان کے مطابق خلا میں پاکستانی نمائندگی علامہ اقبال کے نوجوانوں سے متعلق وژن کی عملی تعبیر اور نئی نسل کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔

خلائی اسٹیشن سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ذیشان علی نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ زمین سے 400 کلومیٹر بلندی پر 7.9 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ طے شدہ منصوبے کے مطابق اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں ادا کرنے اور سائنسی تحقیق کے کام میں پوری لگن سے حصہ لینے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستانی قوم کی توقعات کے مطابق تحقیق اور اپنے فرائض کی انجام دہی ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے محمد ذیشان علی کے پیغام کو نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پُرخلوص اور پُرجوش الفاظ نے ہر پاکستانی کے دل کو فخر اور مسرت سے بھر دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ پیغام نوجوانوں میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے نئی تحریک پیدا کرے گا۔

وزیراعظم نے چیئرمین سپارکو، ان کی ٹیم اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلائی مشنز اور متعلقہ شعبوں میں پیش رفت کا یہ ایک نیا آغاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خلا کو پُرامن مقاصد اور انسانیت کی بھلائی کے لیے استعمال کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ خلائی اسٹیشن پر کیے جانے والے تجربات عالمی برادری کے سائنسی علم میں اضافے کا ذریعہ بنیں گے، جبکہ پاکستانی خلا نورد اپنے چینی ساتھیوں کے ساتھ ایسے تحقیقی کام میں مصروف ہیں جس سے عالمی سائنسی برادری بھی مستفید ہوگی۔

محمد ذیشان علی نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے حوصلہ افزا کلمات اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ چینی ساتھیوں کے ساتھ سائنسی تحقیق جاری رکھیں گے اور پاکستان اور چین کی دوستی کو مزید بلندیوں تک لے جانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے پاکستانی خلا نورد اور دیگر تمام خلا نوردوں کی بہترین صحت اور کامیاب مشن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی بحفاظت وطن واپسی کی منتظر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تاریخی سنگِ میل کی بنیاد پر پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.