اداکار سلیم شیخ کی بیٹی سلینا سلیم کا ابراہیم شیخ کے ساتھ نکاح ہوگیا
پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار سلیم شیخ کی بیٹی، ماڈل اور ڈیجیٹل کری ایٹر سلینا سلیم نے اپنے منگیتر ابراہیم شیخ کے ساتھ نکاح کرلیا ہے۔
نکاح کی تقریب مختصر مگر پروقار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد، دوستوں اور شوبز انڈسٹری کی متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی۔
سلینا سلیم ماڈلنگ اور ڈیجیٹل مواد کی تخلیق کے شعبے سے وابستہ ہیں اور پاکستان کے کئی معروف ملبوسات کے برانڈز کے ساتھ کام کرچکی ہیں۔ ان کے والد سلیم شیخ گزشتہ تقریباً تین دہائیوں سے ٹیلی ویژن ڈرامہ انڈسٹری کا حصہ ہیں۔
سلیم شیخ کی تین بیٹیاں ہیں۔ اس سے قبل وہ اپنی بیٹی نشمیہ کی شادی کرچکے ہیں، جبکہ اب سلینا سلیم کے نکاح کی تقریب بھی منعقد ہوگئی ہے۔
تقریب کے موقع پر سلینا سلیم نے سفید رنگ کا روایتی آرگنزا شرارہ زیب تن کیا، جس پر چاندی کے ستاروں کا نفیس کام کیا گیا تھا۔ لباس کے ساتھ سنہری گوٹے اور کرن لیس والا دوپٹہ ان کے مجموعی انداز کا حصہ تھا۔ کھلی فضا میں منعقد ہونے والی تقریب میں ان کا لباس روایتی اور کلاسیکی انداز کا امتزاج تھا۔