تازہ ترین

پاکستان کے رانا عرفان اسنوکر ورلڈ کپ چیمپئن بن گئے، محمد آصف کو 5-0 سے شکست

0

پاکستانی کیوئسٹ رانا عرفان نے عمان کے شہر مسقط میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسنوکر ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن محمد آصف کو صفر کے مقابلے میں پانچ فریمز سے شکست دی۔

ملتان سے تعلق رکھنے والے رانا عرفان نے فائنل میں ابتدا ہی سے مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ انہوں نے پہلا فریم 46-96 سے جیتا اور 56 پوائنٹس کی بریک کھیلی، جبکہ دوسرے فریم میں 48-67 سے کامیابی حاصل کی۔

تیسرے فریم میں انہوں نے حریف کو صرف ایک پوائنٹ تک محدود رکھتے ہوئے 1-64 سے شکست دی۔ چوتھے فریم میں 68 پوائنٹس کی شاندار بریک کے ساتھ 12-91 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ پانچواں فریم 6-69 سے جیت کر عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔

رانا عرفان نے کامیابی کے بعد کہا کہ وہ گزشتہ دس سال سے پاکستان کے لیے کوئی بڑا اعزاز حاصل کرنے کی کوشش کررہے تھے اور بالآخر اللہ تعالیٰ نے انہیں ورلڈ کپ ٹائٹل سے نواز دیا۔ انہوں نے کہا کہ محمد آصف کو فائنل میں شکست دے کر وہ انتہائی خوش ہیں اور یہ کامیابی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔

اپنے کیریئر کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ 2016 اور 2017 میں وہ عمان میں اسنوکر کھیلتے رہے، بعدازاں پاکستان واپس آکر دو مرتبہ پنجاب چیمپئن بنے۔ قومی مقابلوں میں ابتدائی دو کوششوں کے دوران وہ لیگ مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکے، تاہم تیسری مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کرکے پاکستان کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی بن گئے۔

ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھی رانا عرفان کو سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا، جہاں انہوں نے ہم وطن اسجد اقبال کو فیصلہ کن فریم میں 3-4 سے شکست دی۔ اس سے قبل کوارٹر فائنل میں انہوں نے مبشر رضا کو 2-4 سے ہرایا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.