بال ٹیمپرنگ اسکینڈل: کرکٹ آسٹریلیا کا کسی کھلاڑی کو ذمہ دار قرار نہ دینے کا فیصلہ
آسٹریلوی کرکٹ میں 2018 کے مشہور بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کی گونج ایک بار پھر سنائی دینے لگی ہے، تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے کی تازہ تحقیقات کے دوران کسی کھلاڑی کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی کسی کے خلاف منفی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے قائم کیے جانے والے آزاد فورم کے ضابطہ کار جاری کردیے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 2018 میں جنوبی افریقا کے دورے کے دوران پیش آنے والا یہ واقعہ رواں ماہ اس وقت دوبارہ زیر بحث آیا جب سابق آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ نے دعویٰ کیا کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے منصوبے سے پوری ٹیم آگاہ تھی، نہ کہ صرف وہ تین کھلاڑی جنہیں کرکٹ آسٹریلیا کی سابقہ تحقیقات میں قصوروار قرار دیا گیا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے 18 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ واقعے سے متعلق تمام کھلاڑیوں اور معاون عملے کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دینے کے لیے ایک آزاد فورم قائم کیا جائے گا۔ اس فورم میں متعلقہ افراد کو کسی تادیبی کارروائی کے خوف کے بغیر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی اجازت ہوگی۔
آسٹریلوی بیرسٹر فیونا میکلوڈ کی نگرانی میں کام کرنے والا یہ فورم چھ ہفتوں تک جاری رہے گا۔ جاری کردہ ضابطہ کار کے مطابق اس کا بنیادی مقصد معلومات جمع کرنا اور متعلقہ افراد کا مؤقف سننا ہے، نہ کہ کسی کے خلاف تادیبی کارروائی کرنا۔
فورم نہ تو کسی فرد کو واقعے کا ذمہ دار قرار دے گا اور نہ ہی پہلے سے عائد پابندیوں کا دوبارہ جائزہ لے گا۔ اس کے علاوہ ماضی کے واقعے پر کسی کھلاڑی کو دوبارہ سزا دینے یا قانونی کارروائی کی سفارش بھی نہیں کی جائے گی، جبکہ فورم میں شرکت مکمل طور پر رضاکارانہ ہوگی۔
ضابطہ کار کے مطابق اس اقدام کا مقصد واقعے سے متاثرہ افراد کی فلاح و بہبود یقینی بنانا اور انہیں انتقامی کارروائی یا کسی نقصان کے خوف کے بغیر اپنے تجربات بیان کرنے اور اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دینا ہے۔
واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کی 2018 میں ہونے والی تحقیقات میں صرف تین کھلاڑیوں کو قصوروار قرار دیا گیا تھا، جن میں سابق کپتان اسٹیو اسمتھ، اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ شامل تھے۔ اس اسکینڈل کے نتیجے میں اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر 12، 12 ماہ جبکہ کیمرون بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
عثمان خواجہ کے سابق ساتھی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر، کیمرون بینکرافٹ اور چاڈ سیئرز نے بھی ان کے دعوے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑی اور عملہ بھی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے منصوبے سے واقف تھے۔
تاہم موجودہ کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ بولرز مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس منصوبے کا پہلے سے کوئی علم نہیں تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے گزشتہ ہفتے پیٹ کمنز پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیموں کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور اسکینڈل دوبارہ زیر بحث آنے کے بعد ان کی دیانت داری پر اٹھائے گئے سوالات کو مسترد کردیا تھا۔
فورم کے دائرہ کار میں جنوبی افریقا کے دورے کے چاروں ٹیسٹ میچز کے دوران آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے گیند کی دیکھ بھال اور اس سے متعلق طریقہ کار کا جائزہ بھی شامل ہوگا۔ اس طرح تحقیقات صرف نیولینڈز ٹیسٹ تک محدود نہیں رہیں گی، جہاں بال ٹیمپرنگ کا واقعہ منظر عام پر آیا تھا۔
اس کے علاوہ 2018 میں کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کے طریقہ کار اور دائرہ کار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق فورم کی مکمل رپورٹ عوام کے سامنے جاری کی جائے گی، جس کے بعد ادارہ 30 روز کے اندر اپنا ردعمل دے گا۔