تازہ ترین

کرغز سفارتکار کی پاکستان کو اقتصادی تعاون بڑھانے کی پیشکش، علاقائی روابط پر زور

0

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان اقتصادی و علاقائی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کرغزستان کے ناظم الامور ایبیک طالبالیف نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران نمایاں ترقی کی ہے، جس سے تیز رفتار اقتصادی ترقی اور علاقائی تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

کرغزستان کے سفارت خانے کے زیر اہتمام ’’صدر صدر ژاپاروف کا وژن 2030 — اقتصادی و سماجی تبدیلی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے ایبیک طالبالیف نے کہا کہ ازبکستان اور تاجکستان کے ساتھ سرحدی تنازعات کا مکمل حل ایک اہم سفارتی پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق تینوں ممالک کے صدور کے درمیان طے پانے والے باضابطہ معاہدوں نے وسطی ایشیا کی سرحدوں کو رکاوٹوں کے بجائے دوستی اور تجارت کے راستوں میں تبدیل کر دیا ہے۔

کرغز سفارتکار نے اقتصادی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف اقدامات، ڈیجیٹل ٹیکس نظام اور کسٹمز اصلاحات کے باعث کرغزستان کی مجموعی قومی پیداوار 2021 میں 8.3 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2025 میں 22.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جو تقریباً تین گنا اضافہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں بھی نمایاں سرگرمیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ جھیل ایسک کول کے علاقے میں نئے فائیو اسٹار ہوٹلز اور بین الاقوامی گالف کلب کے قیام کے علاوہ الا تو اسکی ریزورٹ منصوبہ بھی زیر تکمیل ہے، جس سے توقع ہے کہ سالانہ 8 لاکھ 50 ہزار تک سیاحوں کی میزبانی ممکن ہو سکے گی۔

تجارت اور مالیاتی امور پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں کرغزستان ٹریڈ ہاؤس کے صدر ڈاکٹر شاہد حسن نے کہا کہ کرغزستان نے گزشتہ چند برسوں کے دوران چھوٹی صنعتوں کے قیام میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جو ملک کی انسانی اور عوام مرکوز ترقی کی پالیسی کو اجاگر کرتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.