تازہ ترین

پاکستان کل سے اسلام آباد میں شروع ہونے والے عالمی جوہری سلامتی اجلاس کی میزبانی کرے گا

0

عالمی سطح پر جوہری سلامتی کے شعبے میں تعاون اور تربیتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان 23 سے 26 نومبر تک ایک اہم بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا، جس میں 49 ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق انٹرنیشنل نیٹ ورک فار نیوکلیئر سیکیورٹی ٹریننگ اینڈ سپورٹ سینٹرز (این ایس ایس سی نیٹ ورک) کا 15واں سالانہ اجلاس عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے اشتراک سے اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

چار روزہ اجلاس میں آئی اے ای اے کے نمائندوں کے علاوہ نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے مندوبین شریک ہوں گے۔ کانفرنس کے دوران جوہری سلامتی کے شعبے میں تربیت اور معاونت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، عالمی تعاون بڑھانے اور مختلف ممالک کے تجربات سے استفادہ کرنے کے امور زیرِ غور آئیں گے۔

پاکستان اس سے قبل 2016 میں بھی این ایس ایس سی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر چکا ہے۔ اس وقت یہ کانفرنس پہلی مرتبہ آئی اے ای اے کے ویانا میں واقع مرکزی دفتر سے باہر منعقد کی گئی تھی۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 15ویں سالانہ اجلاس کا انعقاد جوہری سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور عالمی سطح پر اس شعبے میں تعاون کی کوششوں کا مظہر ہے۔

پاکستان عالمی تعاون، معلومات کے تبادلے اور پائیدار صلاحیت سازی کے ذریعے جوہری سلامتی کے شعبے میں اپنا کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.