تازہ ترین

صائم ایوب نے کچھ عرصے کے لیے کرکٹ سے دور رہنے کا فیصلہ کر لیا

0

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بائیں ہاتھ کے بیٹر صائم ایوب نے کرکٹ سے عارضی وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے کچھ عرصے کے لیے آرام دینے کی درخواست کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صائم ایوب اس وقت اپنے کیریئر کے مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث انہیں قومی اسکواڈ سے ڈراپ کیا جا چکا ہے، جبکہ ان کا نام سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں بھی شامل نہیں ہے۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں ڈومیسٹک میچز کھیلنے سے بھی گریز کیا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ صائم ایوب نے پی سی بی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ وہ فی الحال کرکٹ کھیلنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ وہ اپنے مسائل پر قابو پانے اور اعتماد بحال کرنے کے بعد ون ڈے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹ کے ذریعے دوبارہ میدان میں واپسی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

صائم ایوب کو کیریبین ٹی20 لیگ میں سنچری اسکور کرنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے طلب کیا گیا تھا، تاہم وہ دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ان کی کارکردگی میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔

مسلسل ناکامیوں کے باعث انہیں سہ ملکی ون ڈے سیریز کے اسکواڈ سے بھی باہر کر دیا گیا تھا۔ اس وقت انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فارم بحال کرنے کا کہا گیا، تاہم انہوں نے ڈومیسٹک مقابلوں میں حصہ نہیں لیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد سے صائم ایوب اپنے آخری پانچ ون ڈے میچز میں صرف 60 رنز بنا سکے ہیں۔ رواں سال ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد سے وہ کوئی نصف سنچری بھی اسکور نہیں کر پائے۔

اس عرصے میں ان کے اسکور بالترتیب 24، 19، 6، 14، 7، 21، 29 اور 8 رہے۔ تمام فارمیٹس کے آخری 15 انٹرنیشنل میچز کی 16 اننگز میں انہوں نے 11.75 کی اوسط سے مجموعی طور پر 188 رنز بنائے، جبکہ ان کا بہترین انفرادی اسکور 33 رہا۔

رپورٹس کے مطابق صائم ایوب نے ذہنی طور پر خود کو دوبارہ تیار کرنے اور اعتماد بحال کرنے کے لیے کرکٹ سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.