تازہ ترین

سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ: پاکستان نے کینیڈا کو 5-1 سے شکست دے دی

0

پاکستان ہاکی ٹیم نے سلطان اذلان شاہ کپ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم کی کامیابی میں سفیان خان نے ہیٹ ٹرک اسکور کرکے اہم کردار ادا کیا۔

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے تین جبکہ محمد عماد اور حنان شاہد نے ایک، ایک گول کیا۔

میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، تاہم دوسرے کوارٹر کے 18ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی۔

تیسرے کوارٹر میں قومی ٹیم نے اپنی برتری مزید مستحکم کی۔ 37ویں منٹ میں محمد عماد نے فیلڈ گول کرکے پاکستان کا اسکور دو صفر کر دیا۔ کینیڈا نے 45ویں منٹ میں کیرن رابنسن کے گول کی بدولت مقابلے میں واپسی کی کوشش کی اور خسارہ کم کرکے اسکور 2-1 کر دیا۔

آخری کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے مزید تین گول اسکور کیے۔ 48ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر اپنا دوسرا گول کیا، جبکہ 52ویں منٹ میں حنان شاہد نے فیلڈ گول کرکے پاکستان کی برتری چار ایک کر دی۔

میچ کے 53ویں منٹ میں سفیان خان نے ایک اور پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور پاکستان کو پانچ ایک کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔

پاکستان نے میچ میں پانچ میں سے تین گول پنالٹی کارنرز پر جبکہ دو فیلڈ گول کے ذریعے اسکور کیے۔ قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا اگلا مقابلہ امریکا کے خلاف کھیلے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.