تازہ ترین

پاکستان علاقائی تجارت اور رابطوں کا اہم مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، وزیراعظم

0

اسلام آباد: پاکستان نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی اور ترقیاتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے آسیان کے سیکریٹری جنرل کاؤ کم ہورن نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور تنظیم کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہے اور وسیع تر علاقائی رابطوں، تجارت اور اقتصادی انضمام کے لیے اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے علاوہ غذائی تحفظ، ماحولیاتی تبدیلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات بھی زیرِ غور آئے۔

آسیان کے سیکریٹری جنرل کاؤ کم ہورن نے دورے کے دوران پاکستان کی جانب سے کیے گئے انتظامات اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے آسیان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تنظیم کے ساتھ قریبی روابط میں اسلام آباد کی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل تعاون اور ان کا یہ دورہ پاکستان اور آسیان کے تعلقات کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.