تازہ ترین

کرم میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں، شاہد رند

0

وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کرم میں دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کا عزم قابلِ تحسین ہے۔

اپنے بیان میں شاہد رند نے حکام کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مؤثر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 3 نومبر سے جاری انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے جانے والے آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

شاہد رند کے مطابق ان کارروائیوں میں دہشت گرد عناصر کا خاتمہ کیا گیا، جبکہ ان کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

شاہد رند نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف پوری قوم اور ریاستی ادارے متحد ہیں، جبکہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و استحکام کا قیام اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ مشترکہ قومی عزم ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.