تازہ ترین

پاکستان میں سردی کی آمد میں تاخیر، شدت غیر معمولی ہونے کا خدشہ

0

پاکستان میں رواں موسمِ سرما کے دوران سردی کی آمد میں تاخیر کے باوجود شدید سرد لہروں، بارشوں کی کمی اور سموگ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ موسمیاتی تجزیوں کے مطابق بحرالکاہل میں ایل نینو کی سرگرمی اور قطبِ شمالی کے پولر ورٹیکس میں تبدیلی خطے کے روایتی موسمی نظام کو متاثر کرسکتی ہے۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق اس سال سپر ایل نینو اور پولر ورٹیکس کی غیر معمولی صورتحال کے باعث پاکستان سمیت خطے کے مختلف ممالک میں موسمِ سرما کے انداز میں تبدیلی متوقع ہے۔ اس کے نتیجے میں نومبر اور دسمبر کے ابتدائی حصے میں سردی معمول سے کم محسوس ہوسکتی ہے، تاہم بعد میں اچانک شدید سردی کی لہریں آنے کا امکان ہے۔

بین الاقوامی موسمیاتی نشریاتی ادارے اسکرپس نیوز کی رپورٹ کے مطابق خطِ استوا کے قریب بحرالکاہل کے پانی کا درجہ حرارت معمول سے 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ چکا ہے، جسے سپر ایل نینو قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایل نینو سے اٹھنے والی توانائی کی لہروں نے زمین کی بالائی فضا میں موجود پولر ورٹیکس کو قبل از وقت غیر مستحکم کیا ہے۔

پولر ورٹیکس قطبِ شمالی کے گرد گھومنے والی انتہائی سرد ہواؤں کا ایک مضبوط حلقہ ہے، جو سرد قطبی ہواؤں کو شمالی خطے تک محدود رکھنے میں کردار ادا کرتا ہے۔ اس نظام کے کمزور ہونے سے سرد ہواؤں کے جنوب کی جانب پھیلنے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات کی نومبر تا جنوری 2026-27 کی پیش گوئی کے مطابق ایل نینو کے غالب اثرات کے باعث ملک کے بیشتر حصوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اس وجہ سے نومبر اور دسمبر کے اوائل میں روایتی سردی کی شدت کم محسوس ہوسکتی ہے۔

رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ دسمبر کے آخر اور جنوری کے دوران مختصر مگر شدید سردی کی لہریں آسکتی ہیں، جن سے درجہ حرارت اچانک نقطہ انجماد کے قریب گر سکتا ہے۔ ایسی تبدیلیوں کے باعث نزلہ، زکام، نمونیا اور دل کے امراض کے خطرات میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسپیس فار کلائمیٹ پاکستان کے تجزیات کے مطابق ایل نینو کے سالوں میں پاکستان میں موسمِ سرما کی بارشیں معمول کے مطابق یا اس سے کم رہ سکتی ہیں۔ بارشوں کی کمی اور ہوا کی رفتار سست ہونے سے پنجاب اور وسطی پاکستان کے میدانی علاقوں میں شدید سموگ اور دھند پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس سے شاہراہوں پر حدِ نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔

موسمی تبدیلیوں کے اثرات زراعت اور آبی ذخائر پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔ بارشوں کی کمی سے بارانی علاقوں میں گندم اور دیگر ربیع کی فصلوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہوسکتا ہے، جبکہ جنوری میں اچانک پڑنے والا کورا سبزیوں اور باغات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری متوقع ہے، تاہم مجموعی طور پر کم بارشوں کے باعث پہاڑوں پر برف کا ذخیرہ معمول سے کم رہنے کا اندیشہ ہے، جس سے اگلے موسمِ گرما میں دریاؤں کے بہاؤ پر اثر پڑ سکتا ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو سموگ اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، معیاری ماسک کے استعمال اور سرد موسم کے لیے پیشگی تیاری کی ہدایت کی ہے۔ کسانوں کو بھی محکمہ موسمیات کی تازہ ایڈوائزری پر نظر رکھنے، پانی کا محتاط استعمال کرنے اور فصلوں کو سردی اور کورے سے بچانے کے لیے بروقت اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.