تازہ ترین

اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

0

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری کے باعث تیزی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں کاروباری سیشن کے پہلے نصف حصے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جمعہ کو دوپہر 12 بجے تک کے ایس ای 100 انڈیکس 1,060.83 پوائنٹس یعنی 0.60 فیصد اضافے کے بعد 178,434.59 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

کاروبار کے دوران کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز کے شعبوں میں نمایاں خریداری دیکھی گئی۔

انڈیکس پر اثرانداز ہونے والے اہم حصص میں اٹک ریفائنری، پاکستان ریفائنری، ماری پیٹرولیم، پاکستان آئل فیلڈز، پاکستان اسٹیٹ آئل، سوئی سدرن گیس کمپنی، حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک، نیشنل بینک اور یونائیٹڈ بینک مثبت زون میں کاروبار کرتے رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جمعرات کو اسٹاک مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تھا۔ کاروبار کے آغاز پر حاصل ہونے والی تیزی دوپہر کے بعد فروخت کے دباؤ کے باعث ختم ہوگئی اور مارکیٹ منفی رجحان کے ساتھ بند ہوئی تھی۔

ملکی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کار محتاط دکھائی دیے، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 1,710.04 پوائنٹس یعنی 0.95 فیصد کمی کے بعد 177,373.76 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی جمعہ کو نسبتاً استحکام اور بحالی کا رجحان دیکھا گیا۔ ایشیائی حصص بازار گزشتہ ہفتے کے دوران اتار چڑھاؤ کے بعد سنبھلتے دکھائی دیے۔

ایم ایس سی آئی ایشیا پیسیفک انڈیکس، جاپان کے علاوہ، 0.26 فیصد اضافے کے ساتھ گزشتہ سیشن کی 1.3 فیصد کمی کے بعد بہتر ہوا۔ جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 2.35 فیصد جبکہ جاپان کے نکی انڈیکس میں 1.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

امریکی ایس اینڈ پی 500 اور نیسڈیک فیوچرز بھی 0.2 فیصد سے زیادہ اضافے کے ساتھ کاروبار کرتے رہے، تاہم یورپی یورو اسٹاکس 50 فیوچرز میں 0.37 فیصد کمی دیکھی گئی۔

عالمی مالیاتی منڈیوں میں سرمایہ کار امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے آئندہ ماہ شرح سود میں ممکنہ طور پر 50 بیسس پوائنٹس اضافے کے امکانات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ اس تناظر میں امریکی 2 سالہ ٹریژری بانڈز کی شرح منافع ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جس سے ڈالر کو بھی تقویت ملی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.