تازہ ترین

محسن نقوی کی آصف زرداری سے اہم ملاقات، نئے صوبوں اور ریفرنڈم پر گفتگو

0

نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم سے متعلق بحث کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نواب شاہ میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی، جس کے ایجنڈے کے حوالے سے سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں سامنے آرہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق محسن نقوی جمعرات کی شب اچانک خصوصی طیارے کے ذریعے نواب شاہ پہنچے اور زرداری ہاؤس میں صدر آصف علی زرداری سے تقریباً 59 منٹ تک ملاقات کی۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملاقات میں نئے صوبوں کے قیام، اس معاملے پر ریفرنڈم کے امکان اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے خلاف ممکنہ کارروائی سمیت اہم سیاسی امور زیر بحث آئے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی ایک اہم قومی شخصیت کا پیغام لے کر نواب شاہ پہنچے تھے اور انہوں نے صدر مملکت کو زیر بحث معاملات پر اعتماد میں لیا۔ تاہم ملاقات کے حوالے سے تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔

محسن نقوی کی آمد پر سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز و جیل خانہ جات حاجی علی حسن زرداری، ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی اور ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنا نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں سخت سیکیورٹی میں انہیں زرداری ہاؤس پہنچایا گیا، جہاں ملاقات کے بعد وہ خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

اس سے قبل لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کو ریفرنڈم کرانے کی تجویز دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم اس مسئلے کا حل ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوام نئے صوبوں کے قیام کے خلاف رائے دیں تو وہ بھی اس فیصلے کی حمایت کریں گے، تاہم عوام کی اکثریت اس کے حق میں ہو تو پھر اس پر عمل ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کی مرضی اور اتفاق رائے کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی ری سیٹ سے متعلق بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اور بلاول بھٹو تقریباً ایک ہی مؤقف رکھتے ہیں، تاہم بلاول سیاسی معاملات جبکہ وہ مجموعی نظام میں تبدیلی کی بات کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.