پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ممکنہ رہائی سے متعلق سینئر قانون دان بابر اعوان نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم آئندہ دو ماہ کے دوران جیل سے باہر آ سکتے ہیں۔
صحافی اور اینکر پرسن گوہر سیال کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کی گئی ویڈیو میں بابر اعوان کو عمران خان کی رہائی کے امکانات پر گفتگو کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کو ایک مقدمے میں جیل میں رکھا گیا ہے، جس کا فیصلہ آدھی رات کو کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق جب اس مقدمے کی سماعت ہوگی اور جج شواہد اور قانونی نکات کا منصفانہ انداز میں جائزہ لے کر فیئر ٹرائل یقینی بنائیں گے تو عمران خان کی رہائی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
بابر اعوان نے اسی تناظر میں پیش گوئی کی کہ عمران خان آئندہ دو ماہ میں رہا ہو سکتے ہیں۔