تازہ ترین

پاکستان کو معدنی سرمایہ کاری کے لیے مسابقتی منزل بنانا چاہتے ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر

0

پاکستان میں معدنی وسائل کو قومی معاشی ترقی کا مؤثر ذریعہ بنانے اور عالمی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا ہمارا مقصد ہے۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) اور ہلالِ جرات، نے کہا کہ کان کنی کے پورے ماحولیاتی نظام کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور ان سے وابستہ افراد کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔ ہماری ترجیح صرف خام مال برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کو فروغ دینا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی طویل مدتی شراکت داری کو پروان چڑھانا چاہتا ہے جو ملک اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معدنی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچنا ضروری ہیں اور معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں اور ان میں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ہمارے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ نتائج حاصل کرنے کے لیے عوام طاقت اور عزم کا سرچشمہ ہیں۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے مزید کہا کہ ہمیں صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عمل اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ ترقی کی جانب پیش رفت کرنا ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.