آبنائے ہرمز میں ایل این جی ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، دھماکے کا دعویٰ
آبنائے ہرمز میں ایک ایل این جی بردار ٹینکر کے بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے اور جہاز پر دھماکے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹینکر ایک ایسے سمندری راستے سے گزر رہا تھا جسے ایرانی حکام نے غیر مجاز اور خطرناک قرار دیا تھا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا نے پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے حوالے سے بتایا کہ مائع قدرتی گیس لے جانے والا ٹینکر آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز پر دھماکا ہوا۔
ایرانی حکام نے فوری طور پر ٹینکر کا نام، اس کی ملکیت، منزل یا عملے کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کیں۔ یہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ دھماکے کے نتیجے میں جہاز کو کتنا نقصان پہنچا یا کوئی جانی نقصان ہوا ہے۔
تاحال واقعے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی اور نہ ہی ٹینکر کی شناخت سامنے آئی ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے ایک اہم سمندری گزرگاہ ہے، جہاں سے تیل اور قدرتی گیس کی بڑی مقدار دنیا کے مختلف ممالک تک پہنچائی جاتی ہے۔ اس علاقے میں کسی بھی فوجی یا بحری واقعے سے عالمی توانائی کی ترسیل اور جہاز رانی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔