تازہ ترین

دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، سرفراز بگٹی

0

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔

اپنے بیان میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جبکہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے ساتھ ان کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بدامنی پھیلانے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحرک ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں ایک مربوط قومی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ اس مقصد کے لیے ریاستی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف پوری قوم اور ریاستی ادارے متحد ہیں اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و استحکام کا قیام مشترکہ قومی عزم ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.