تازہ ترین

غزہ کے ناصر اسپتال پر اسرائیلی حملہ، سرجن اور 13 سالہ لڑکے سمیت 8 فلسطینی شہید

0

غزہ میں اسرائیلی حملوں کے دوران ایک بار پھر طبی مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے، خان یونس کے ناصر اسپتال کے سرجری وارڈ پر فضائی حملے میں ایک سرجن اور 13 سالہ لڑکے سمیت کم از کم 8 فلسطینی شہید جبکہ 20 افراد زخمی ہوگئے۔

طبی عملے کے مطابق اسرائیلی فضائی حملہ رات گئے جنوبی غزہ کے مرکزی اسپتال ناصر میڈیکل کمپلیکس کی ایک عمارت پر کیا گیا، جہاں سرجری وارڈ قائم تھا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ حملے میں حماس کے ایک سینئر کمانڈر کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ حماس نے اسپتال کو حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کرنے کے الزام کی تردید کی ہے۔

طبی عملے اور عینی شاہدین کے مطابق دو میزائل پانچ منزلہ عمارت کی چھت سے ٹکرائے، جس کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور سرجری ڈیپارٹمنٹ غیر فعال ہوگیا۔ یہ شعبہ غزہ کی تقریباً 20 لاکھ آبادی میں سے نصف کو طبی سہولتیں فراہم کرتا تھا۔

حملے میں زخمی ہونے والے ڈاکٹر ایمن ابو عبید نے بتایا کہ وہ رات کی ڈیوٹی پر اسپتال میں موجود تھے اور سو رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوا اور وہ جس کمرے میں موجود تھے وہ اس کی زد میں آگیا۔

شہید ہونے والوں میں سرجن رزق ابو شائرہ بھی شامل ہیں، جو 2026 کی دستاویزی فلم ’’امریکن ڈاکٹر‘‘ میں تین امریکی ڈاکٹروں کے ساتھ فلسطینی مریضوں کا علاج کرتے دکھائی دیے تھے۔ غزہ کی وزارت تعلیم کے مطابق شہید ہونے والوں میں ایک 13 سالہ لڑکا بھی شامل تھا۔

طبی ذرائع کے مطابق جمعرات کو الگ الگ واقعات میں مزید چار فلسطینی بھی شہید ہوئے۔ غزہ سٹی میں ایک گاڑی پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ وسطی غزہ کے بریج پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک اور شخص شہید ہوگیا۔ ان واقعات کے بعد جمعرات کو شہادتوں کی مجموعی تعداد کم از کم 10 ہوگئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.