تازہ ترین

حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات کا دسواں دور، عوامی ریلیف پر اہم پیش رفت

0

اسلام آباد: پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا دسواں دور مکمل ہوگیا، جس کے بعد نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے کو جائز تسلیم کرتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل دینے کا عندیہ دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے بتایا کہ حکومتی کمیٹی کے ساتھ آج انتہائی اہم مذاکرات ہوئے، اس سے قبل بھی نو دور مکمل ہوچکے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے سامنے بنیادی مسئلہ عوام کو فوری ریلیف دلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ عالمی صورتحال کے باعث تیل کی مصنوعات کی ترسیل میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ مذاکرات میں یہ طے پایا ہے کہ موجودہ ریلیف اقدامات کا دائرہ وسیع کیا جائے گا، جبکہ ریلیف جاری رکھنے کے لیے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے بات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔

لیاقت بلوچ کے مطابق جماعت اسلامی نے تجویز دی ہے کہ ایک ہزار سی سی گاڑیوں اور زرعی شعبے کو بھی ریلیف اسکیم میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے کو جائز قرار دیا ہے، تاہم اس حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل دینے کا کہا گیا ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ عوام کو فوری اور واضح ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی مراعات اور اخراجات کم کرنے کے لیے تیار نہیں، جبکہ ایف بی آر کی ناکامیوں کا بوجھ بھی عوام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر پیٹرولیم لیوی فوری ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو ریلیف دلانے کے لیے اپنا مطالبہ جاری رکھے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.