تازہ ترین

پنجاب میں بھرتیاں مکمل میرٹ پر ہوں گی، مریم نواز

0

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں بھرتیوں کے عمل میں میرٹ یقینی بنانے اور کرپشن کے خلاف سخت کارروائی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی وزیر کے خلاف بدعنوانی کی شکایت سامنے آئی تو اسے ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔

جہلم میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے اور وظائف دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت بھرتیوں میں مکمل میرٹ کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کے معاملے پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کرپشن کے خلاف بیانیہ بنانے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے لوگوں کو اچھی طرح جانتی ہیں اور ان کی اگلی سیاسی حکمت عملی سے بھی واقف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں اعتراض ہے تو وہ استعفیٰ کیوں نہیں دیتے؟

مریم نواز نے مزید کہا کہ بعض لوگوں کی تربیت ایسے ماحول میں ہوئی جہاں رشوت لینے کی باتیں معمول سمجھی جاتی تھیں، جبکہ اب وہ ملک سے باہر بیٹھے ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملکی سیاست میں فعال کردار ادا کریں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ چھوٹے شہروں میں بھی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کا قیام شامل ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کی سطح پر کینسر کے ہسپتال قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں 300 نواز شریف اسکولز آف ایمیننس بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.