تازہ ترین

یمن تنازع میں شمولیت قومی مفادات کے خلاف ہوگی، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر

0

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے حکومت پر زور دیا ہے کہ پاکستان کو یمن کے تنازع سے دور رکھا جائے اور جنگ میں فریق بننے کے بجائے ثالثی کا کردار ادا کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ 2015 میں پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد کی خلاف ورزی قومی مفادات کے لیے نقصان دہ ہوگی۔

مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام منعقدہ شہدائے مزاحمت و تجدید عہد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس نے یاد دلایا کہ پارلیمنٹ نے 2015 میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا تھا کہ پاکستان یمن تنازع کا حصہ نہیں بنے گا اور وہاں فوجی دستے نہیں بھیجے گا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کس کے اختیار سے پاکستان کو اس تنازع میں فریق بنایا جا رہا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کو اس خطرناک صورت حال سے باہر نکالے۔

اپوزیشن لیڈر نے یمن پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اٹھانے پر یمنی عوام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق پارلیمنٹ کی رائے کو نظرانداز کرنے سے ملکی مفادات، خودمختاری اور عوامی امنگوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ یمن نے پاکستان کو ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کی حساسیت کی جانب توجہ دلانے کے لیے وزیراعظم کو خط بھی لکھا ہے، جبکہ وزیر خارجہ سے بھی سوال کیا ہے کہ ثالثی کی پیشکش کے باوجود پاکستان اس تنازع کا فریق کیسے بن سکتا ہے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ کسی دوسرے مسلم ملک کے خلاف جنگ میں شامل ہونے کے بجائے جنگ بندی، مذاکرات اور خطے میں امن کے لیے کوششیں کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن نے غزہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اسرائیلی مفادات کو چیلنج کیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں کی بھی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے سپریم لیڈر کے قتل سمیت ان حملوں کا مقصد ایرانی قوم کو خوف زدہ کرنا اور چند گھنٹوں میں ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا تھا، تاہم ایران نے ہمت، دانش مندی اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے خطے کا نقشہ تبدیل کرنے، ممالک کو تقسیم کرنے اور مزاحمتی تحریکوں کو ختم کرنے کے منصوبے علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ ان کے مطابق جاری تنازع کا تعلق پورے خطے کے مستقبل، فلسطین کے مسئلے اور مسلم دنیا کے اجتماعی مفادات سے ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ضرورت سے زیادہ تعریف اور ان کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوششوں، بشمول نوبیل امن انعام کے لیے نامزدگی کی تجاویز، کو قومی وقار کے منافی قرار دیا۔

ملکی صورت حال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس کے عوام کی ملکیت ہے، کسی فرد، اشرافیہ یا سیاسی مافیا کی نہیں۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ بلوچستان، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے۔

انہوں نے سیاسی آزادیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کا حل ریاستی طاقت کے استعمال میں نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو قومی مفاہمت کے فروغ میں کردار ادا کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے، کیونکہ وہ ایک بڑی سیاسی شخصیت ہیں اور آبادی کے ایک بڑے حصے کا اعتماد رکھتے ہیں۔

کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، چیف آرگنائزر سید ناصر عباس اور مرکزی سیکریٹری سیاسی امور سید اسد عباس نقوی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے مزاحمتی تحریکوں میں جانیں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا، فلسطین اور یمن کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا اور قومی خودمختاری، اتحاد اور آئین کی بالادستی پر زور دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.