مذاکرات کی تجویز برقرار، نئی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ایرانی وزیر خارجہ
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے دوبارہ جنگ مسلط کرنے کا فیصلہ کیا تو ایران بھرپور جواب دے گا، جبکہ خطے میں موجود امریکی فوجی اور دیگر اہداف بھی ایرانی حملوں کی زد میں آسکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ امریکی ووٹرز اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں اور اب وائٹ ہاؤس کی باری ہے کہ وہ اپنا مؤقف واضح کرے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی مذاکراتی تجویز اب بھی برقرار ہے اور تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے سے متعلق شرائط پوری ہونے کی صورت میں مثبت پیشرفت ممکن ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے دوبارہ جنگ کا راستہ اختیار کیا تو ایران اس کا بھرپور اور دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران خطے میں امریکی اہداف کے حوالے سے نرم رویہ اختیار نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق امریکی موجودگی صرف فوجی اڈوں تک محدود نہیں بلکہ خطے میں دیگر مقامات پر بھی امریکی اہداف موجود ہیں، جو ممکنہ طور پر ایرانی حملوں کی زد میں آسکتے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ کے بیان میں ایک جانب مذاکرات اور جنگ کے خاتمے کی تجویز برقرار رکھنے کا عندیہ دیا گیا ہے، جبکہ دوسری جانب امریکا کی کسی نئی فوجی کارروائی کی صورت میں سخت ردعمل کا انتباہ بھی کیا گیا ہے۔