کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہندو برادری کو مذہبی تہوار دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی اور جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے ہندو برادری کے لیے خوشیوں، امن اور خوشحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیوالی محبت، بھائی چارے، امن اور روشنیوں کا خوبصورت پیغام دیتی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریاں قومی معاشرے کا اہم اور قابل قدر حصہ ہیں، جبکہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام ہماری معاشرتی اقدار کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہندو برادری سمیت تمام اقلیتی برادریوں کی خدمات قابل تحسین ہیں اور ان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں تمام شہریوں کو مذہب اور عقیدے کی تفریق کے بغیر مساوی حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے۔ صوبائی حکومت اقلیتوں کے جان و مال، بنیادی حقوق اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ دیوالی کے موقع پر نفرتوں کے خاتمے، محبت، برداشت، بھائی چارے اور امن کے فروغ کے عزم کی تجدید کی جائے تاکہ معاشرے میں باہمی احترام اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔