تازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کو یومِ فتح کی چھٹی سالگرہ پر مبارکباد

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے یومِ فتح کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ 8 نومبر آذربائیجان کی قوم کے عزم، جرأت اور قربانیوں کی ایک تاریخی یادگار ہے۔ آذربائیجان نے تقریباً تین دہائیوں کے بعد اپنی علاقائی سالمیت بحال کی، جو اس کے عوام کی ثابت قدمی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

شہباز شریف نے آذربائیجان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس جدوجہد کے دوران بھی آذربائیجان کے ساتھ کھڑا تھا اور مستقبل میں بھی اس کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوستی اور برادرانہ تعلقات ناقابلِ شکست ہیں۔

وزیراعظم نے گزشتہ سال باکو میں یومِ فتح کی پریڈ میں صدر الہام علیوف کے ہمراہ شرکت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تقریب نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی یکجہتی کی عکاسی کی تھی۔

انہوں نے آذربائیجان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ برادر ملک ترقی کی نئی منازل طے کرے گا اور جنوبی قفقاز کا خطہ پائیدار امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کی جانب آگے بڑھے گا۔

وزیراعظم نے صدر الہام علیوف کے نام اپنے پیغام میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی تعاون اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.