ایران سے مذاکرات میں پیشرفت ہو رہی ہے، دوبارہ جنگ کا امکان کم ہے، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت جاری ہے اور اگر یہ سلسلہ برقرار رہا تو دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ جنگ شروع ہونے کا امکان بہت کم رہ جائے گا۔
امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مضبوط معاہدہ طے پانے کی صورت میں دوبارہ فوجی کارروائی کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے اور امریکا نے اسے فوجی اور معاشی طور پر شدید نقصان پہنچایا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ نہیں کرنا چاہتے، کیونکہ پلوں اور دیگر اہم تنصیبات کی تباہی کے بعد ملک کی تعمیرِ نو میں تقریباً 10 سال لگ سکتے ہیں۔ ان کے بقول پلوں کی دوبارہ تعمیر مشکل ترین کاموں میں سے ایک ہے۔
تاہم امریکی صدر نے خبردار کیا کہ ضرورت پڑنے پر امریکا ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کو مکمل طور پر ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔